خبرنامہ سندھ

سندھ پولیس؛ فنڈز میں ایک ارب 20 کروڑ کی کرپشن کا انکشاف

کراچی: (آئی این پی) نیب سندھ نے پولیس کے فنڈز میں 1 ارب 20 کروڑ روپے کی کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کیس کی سماعت ایک ماہ تک ملتوی کر دی ۔ نیب سندھ نے سابق آئی جی غلام حیدر جمالی کے خلاف پولیس فنڈز میں کرپشن کی رپورٹ مکمل کر کے سپریم کورٹ رجسٹری میں جمع کرا دی ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس فنڈز میں ایک ارب 20 کروڑ روپے کی کرپشن ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نیب نے سابق آئی جی غلام حیدرجمالی اور سابق ایڈیشنل آئی جی فدا حسین شاہ اور دیگر کے خلاف بھی ریفرنس تیار کر لیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے رپورٹ منظور کرتے ہوئے نیب کو حکم دیا کہ کرپشن میں ملوث افسران کے خلاف کی جانے والی کارروائی کے متعلق دس روز میں رپورٹ جمع کرائیں ۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت کی کہ جو افسران اس کرپشن میں ملوث ہیں ان کے نام دیئے جائیں ۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی ۔