خبرنامہ سندھ

سندھ پولیس:کرمنلزکی نگرانی ڈرون کےذریعے

کراچی (آئی این پی)سندھ پولیس نے کرمنلز کی نگرانی کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی حاصل کرلی، چھ جدید ڈرون طیارے اور چارڈرون کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی بھی کی جاسکے گی۔سندھ پولیس نے دہشتگردوں،جرائم پیشہ افراد اور جلسے جلوسوں کی نگرانی اور اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور ان کے خلاف موثر کارروائی کیلئے جدید ڈرون طیارے حاصل کر لئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس فورس کیلئے چھ جدید ڈرون طیارے اور چار ڈرون کیمرے خرید لیئے گئے ہیں اور تئیس پولیس اہلکاروں نے ڈرون اْڑانے کی تربیت بھی مکمل کرلی ہے، جبکہ انہوں نے سیمیولیٹرز پر چالیس گھنٹے کی ڈرون اڑانے کی خصوصی تربیت بھی حاصل کی ہے۔ترجمان کے مطابق سندھ پولیس نے اسکائی کیمپ نامی تھرڈ جنریشن ڈرون طیارے خریدے ہیں، جبکہ پچیس میگا پکسل کے کیمرے سے لیس ڈرون طیارے کی مالیت پندرہ سے سولہ لاکھ روپے ہے۔ ڈرون طیارے کراچی رینج، حیدرآباد رینج، میرپورخاص رینج، شہید بینظیر آباد رینج، لاڑکانہ رینج، سکھر رینج اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کو فراہم کئے جائیں گے۔سندھ پولیس کا جدید ڈرون طیارہ آٹو پائلٹ پروگرام کے تحت ازخود بھی اڑان بھر سکتا ہے، جبکہ ڈرون طیارے کے سسٹم میں فیڈ کئے جانیوالے مقامات پر از خود نگرانی کیلئے پہنچ کر عکسبندی بھی کرسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے ڈرون طیاروں کے علاوہ ڈرون کیمرے تیرہ میگا پکسل کیمروں سے لیس ہیں اور ایک ہزار میٹر بلندی تک اڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ سندھ پولیس کے ڈرون طیارے آئندہ چند دنوں میں باقاعدہ پولیس افسران کے حوالے کردیئے جائیں گے۔