سندھ پولیس نے گٹکا کھانے والوں کی بھرتی پرپابندی عائد کردی
کراچی:(ملت آن لائن) سندھ پولیس نے اہلکاروں کی بھرتی کے لیے طے شدہ قوائد وضوابط میں ترمیم کرتے ہوئے گٹکا اور دیگر نشہ آور اشیاء استعمال کرنے والے افراد کو محکمے میں بھرتی کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ انسپکٹر جنرل سندھ آفس کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے میں تمام متعلقہ افراد کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گٹکایا کسی بھی قسم کی نشہ آور اشیاء استعمال کرنے والے افراد پولیس میں بھرتی نہیں ہوں گے۔ آئی جی آفس کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں ایڈیشنل آئی جی پولیس‘ انسدادِ دہشت گردی سندھ کراچی‘ ڈپٹی آئی جی برائے حیدرآباد‘ میر پور خاص‘ سکھر ‘ لاڑکانہ اور ایس بی اے رینجز کو مخاطب کیا گیا ہے۔ مذکورہ بالا افسران کو کہا گیا ہے کہ اس حکم نامے کے بموجب سندھ پولیس میں بھرتی کے لیے شائع کیے جانے والے اشتہارات میں واضح کیا جائے کہ گٹکا یا دیگر نشہ آور اشیا ء استعمال کرنے والے افراد بھرتی نہیں کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہناہے کہ سندھ پولیس میں پہلے سے موجود اہلکار وں اور افسران کو بھی ایک مہینے کا وقت دیا گیا ہے کہ وہ ہر صورت اس علت سے چھٹکارہ حاصل کرلیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی ہوگی‘ تاہم نوٹس میں اس بات کا کوئی تذکرہ نہیں ہے۔ نوٹس میں یہ بھی نہیں بتایا گیا ہے کہ آیا سندھ پولیس میں بھرتی کے خواہشمند افراد کی جانچ سائنسی بنیادوں پر کی جائے گی یا ا س کے لیے کوئی اور طریقہ کار وضع کیا جائے گا کہ آیا وہ گٹکا یا کسی اور نشہ آور اشیا کی علت میں مبتلا تو نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ اے آروائی نیوز نے گزشتہ سال دسمبر میں کراچی پولیس کے ایک اہلکار کی نشاندہی کی تھی جو کہ آن ڈیوٹی گٹکا خوری میں مشغول تھا‘ اور اسی سبب بات کرنے سے بھی قاصرتھا۔