خبرنامہ سندھ

سندھ پولیس کے251 انسپکٹرزکو ڈی ایس پی کےعہدوں پرترقی دیدی گئی

کراچی: (آئی این پی) سندھ پولیس کے 251 انسپکٹرز کو ڈی ایس پی کے عہدے پرترقی دے دی گئی جن میں 8 خواتین انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں تقریب ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے جب کہ دیگر پولیس افسران بھی شریک ہوئے،قریب میں وزیراعلیٰ سندھ ڈی ایس پی رینک پرترقی پانے والے انسپکٹرزکو پروموشن لیٹرز دیئے اور بیج بھی لگائے۔ تقریب کے موقع پروزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ترقی پانے والے پولیس افسروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ترقی پانے والے افسران کی ذمے داری اور بڑھ گئی ، ملک کے خاطرجانیں قربان کرنے والے قابل تعریف ہیں جب کہ پولیس کے ہاتھ میں صوبے کا امن وامان ہے اور پولیس نے ٹھیک کام کیا توصوبے کے لوگ چین کی نیند سوئیں گے۔اس موقع پر آئی جی سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے کہا کہ پولیس کو تفتیش میں کمزوری پرتنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، سندھ پولیس میں تربیت کے معیارکو بڑھانے کے لیے بھرتیوں کی ضرورت ہے، ترقی ہرسرکاری افسر کا خواب ہوتی ہے، ترقی پانے والوں کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے شکرگزارہیں جنہوں نے جلد اس معاملے کو حل کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے جوانوں کی بڑی تعداد نے جام شہادت نوش کیا ، سندھ کو مثالی صوبہ بنانے میں کوشاں رہیں گے، حکومت زخمی اہلکاروں کے علاج کے لئے علیحدہ فنڈ قائم کرے۔