سندھ کابینہ نے جہیز پر پابندی کا بل مسترد کردیا
کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جہیز کے خاتمے اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور سزا کا بل مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آج سندھ اسمبلی میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی‘ اجلاس میں انہیں اور کابینہ کو جہیز کے خاتمے سے متعلق بل پر بریفنگ دی گئی جسے کابینہ نے ناقابل عمل قرار دے کر دیگر اقدامات کرنے پر اتفاقِ رائے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بل کے مطابق سندھ میں جہیز کی زیادہ سے زیادہ حد پچاس ہزار روپے ہونی چاہیے اور مہندی کے گفٹس یا اخراجات کا کل تخمینہ بھی 50 ہزار روپے ہونا چاہیے‘ اس حساب سے جہیز کی کل قیمت ایک لاکھ روپے کی حد مقرر ہونی چاہیے۔
بل سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا گیا کہ جہیزکسی بھی دباؤیاہراساں کرکے بھی حاصل نہیں کیاجاسکتا‘ یہ کلی طور پر لڑکی والوں کی صوابدید پر منحصر ہوگا اور دولہایااس کےاہل ِ خانہ کسی بھی طرح کی شے کا جہیز میں مطالبہ نہیں کریں گے۔دلہن اوردولہاکےاہل ِخانہ جہیزباراتیوں کودکھانےکےپابندہوں گے۔ یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ جہیز لینے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں بھاری جرمانہ اور 6 ماہ کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بل کی تجاویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجویزایسی ہےجسے لاگو کرنامشکل ہے‘ ہمیں ایسا قانون بنانا چاہیے جوتجویز لاگوہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہیز کاخاتمہ یاغیرضروری مطالبات شعورپیداکرنےسےہوسکتاہے۔ ایساقانون بنائیں‘ جس میں جہیز لینابرالگے۔ دوسری جانب بل پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا تھا کہ جہیزکے خلاف اس طرح کی سزادیناقانوناًمناسب نہیں ہے۔ میر ہزار خان بجرانی کا کہنا تھا کہ مجوزہ قانون کسی صورت قابل تحسین نہیں ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ نے فی الحال جہیزسےمتعلق بل منظورنہیں کیا گیا ہے۔