خبرنامہ سندھ

سندھ کا 869 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیاگیا

کراچی (آئی این پی )سندھ اسمبلی میں وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے 869 ارب روپے کا صوبائی بجٹ پیش کردیا۔ نئے مالی سال بجٹ کے حجم میں 17 فیصد اضافہ کیا گیا ۔ رواں اخراجات کا تخمینہ 572 ارب روپے جبکہ صوبائی حکومت نے مجموعی طور پر 265 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جو رواں مالی سال سے لگ بھگ 25 فیصد زائد ہے، سندھ حکومت نے نئے مالی سال خدمات پر سیلز ٹیکس کی شرح 1 فیصد کم کر دی ہے ، زرعی آمدن پر ٹیکس کے حوالے سے نیا قانون لانے کی تجویز ہے جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں 10 فیصد اضافے کی نوید بھی سنا دی گئی ۔ ہفتہ کو اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ کا 8کھرب 69ارب روپے کا سالانہ بجٹ پیش کر دیا گیا، صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے بجٹ پیش کر تے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال بجٹ کے حجم میں 17 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ رواں اخراجات کا تخمینہ 572 ارب روپے جبکہ صوبائی حکومت نے مجموعی طور پر 265 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے جو رواں مالی سال سے لگ بھگ 25 فیصد زائد ہے۔ مراد علی شاہ نے بجٹ تقریر میں کہا کہ ٹیکس آمدن کا ہدف حاصل کر لے گا جبکہ زرعی آمدن کے لیے نیا قانون لارہے ہیں۔ سندھ حکومت نے مزدور کی کم سے کم تنخواہ 1 ہزار اضافے سے 14 ہزار روپے ماہانہ کر دی ۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بیس ہزار ، محکمہ تعلیم میں دس ہزار اور مجموعی طور پر پچاس ہزار نوکریوں کا اعلان کیا گیا ۔ خواتین کی ترقی کے لیے مختص بجٹ میں 149 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اقلیتوں کی بہبود کے لیے بجٹ میں 30 کروڑ روپے مختص ہیں۔ 14 ارب 61 روپے روپے خسارے کے بجٹ میں مجموعی آمدن 854 ارب روپے ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ سندھ اپنی مدد آپ کے تحت ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن کے لیے 166 ارب روپے کے فنڈز جمع کرنے کے لیے کمر کس رہا ہے۔ وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس سال ترقیاتی بجٹ میں 50ارب روپے کا اضافہ کیا ہے، ترقیاتی بجٹ میں اضافے کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، تعلیم کیلئے 160ارب 70کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں، 40کروڑ 10لاکھ روپے ہسپتالوں کی مرمت کیلئے رکھے گئے ہیں، سڑکوں کی مرمت کیلئے4 ارب روپے مختص کئے گئے ۔ وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشنڈیپارٹمنٹ کا ہدف 52ارب روپے ہے، گزشتہ تین برسوں میں ٹیکس وصولیوں میں 18فیصد اضافہ ہوا ہے اور غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراؤں کی مرمت کیلئے 4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کیلئے 44 کروڑ روپے مختص کئے ہیں، تعلیم، صحت، امن و امان اور مقامی حکومتوں پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ بجٹ کا 28فیصد حصہ تعلیم کیلئے مختص کیا گیا ہے، محکمہ توانائی کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 6 ارب 35کروڑ روپے مختص کئے گئے، رواں سال صحت کے شعبے میں 35 سو نوکریاں دی جائیں گی۔(اح)