خبرنامہ سندھ

سندھ کیلئے نئے گورنر کیلئے صلاح مشورے جاری

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) سندھ کیلئے نئے گورنر کیلئے اعلیٰ سطح پر صلاح مشورے کا سلسلہ جاری ہے تاحال کسی کے نام کا قرعہ فال نہیں نکلاہے،صدرممنون حسین،سابق سینیٹر خواجہ قطب الدین کو گورنر سندھ بنوانے کیلئے کوشاں ہیں،اس اہم معاملے پر مشاورت کیلئے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد اسلم راہو بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں،سندھ میں پارٹی کے صوبائی صدر کا تعلق بدین سے ہے وہ اندرون سندھ سے گورنر کی نامزدگی کی خواہش رکھتے ہیں۔ذرائع کے مطابق صدر ممنون حسین گورنر سندھ کیلئے سابق سینیٹر خواجہ قطب الدین کی نامزدگی چاہتے ہیں اور انہوں نے اعلیٰ سطح پر اپنی اس خواہش کا اظہار کردیا ہے۔ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ وزیراعظم محمد نوازشریف چاہتے ہیں کہ سندھ میں کسی ایسی شخصیت کو گورنر سندھ نامزد کیا جائے جس کے آنے سے وفاق اور سندھ کی حکمران جماعتوں کے تعلقات کار پر کوئی فرق نہ آئے،حتمی نامزدگی پر اعلان سے قبل وزیراعلیٰ سندھ کو بلواسطہ طور پر اس نئے گورنر کے نام سے آگاہ کیے جانے کا امکان ہے،تاحال گورنر سندھ کی نامزدگی کیلئے قرعہ فال کسی کے نام بھی نہیں نکلا ہے،پارلیمانی پس منظر کی حامل سندھ کی کسی بااثر متحرک سیاسی شخصیت کو بھی گورنر سندھ نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔۔۔۔(خ م+اع )