خبرنامہ سندھ

سندھ کی عوام کے مدد سے کرپشن کے بت کو توڑیں گے، شاہ محمود قریشی

لاڑکانہ:(اے پی پی) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سندھ کی عوام کے مدد سے کرپشن کے بت کو توڑیں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے شروع کی گئی ’’کرپشن مکاؤ ملک بچاؤ‘‘ تحریک کے شرکاء لاڑکانہ پہنچے جہاں ڈسٹرکٹ بار کونسل کے وکلا سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس نے دنیا میں ہل چل مچا دی ہے اور یہ انکشافات ہم نے نہیں کئے بلکہ ایک بین الاقوامی لاء فرم نے کئے ہیں، ان انکشافات کی بنیاد پر 3 ممالک کے سربراہان مستعفی ہوچکے ہیں اور پاکستان کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرپشن معاشرے میں ناسور کی طرح پھیل چکی ہے اور کرپشن کے خاتمے کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے عوام کی عدالت میں آچکے ہیں اور اب کرپشن کے بت کو سندھ کے عوام کی مدد سے ہی توڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اب فیصلہ کن گھڑی آن پہنچی ہے اور اس اہم موقع پر عوام کو بھی خاموش تماشائی نہیں بننا چاہئے، اگرعوام عزم کر لیں تو ہم ’’دیوار برلن‘‘ بھی گرا سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اربوں ڈالرز پاکستان سے باہر سوئس بینکوں میں منتقل کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قیادت کے فقدان کے باعث ہم آئی ایم ایف کے قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں، آج ملک میں مہنگائی سمیت مسائل کا طوفان برپا ہو چکا ہے اور ان حالات میں غریب دوست بجٹ کی امید نہیں رکھی جا سکتی۔