سندھ کے اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد میں اضافہ، بجٹ کا بڑا حصہ تنخواہوں کی نذر
کراچی:(ملت آن لائن) محکمہ تعلیم سندھ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ کے اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد بڑھ گئی ہے جبکہ طلبا و طالبات کی تعداد میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ کے اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد 14 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 1 لاکھ سے زائد طالبات نے تعلیم سے منہ موڑلیا۔ رپورٹ کے مطابق طلبہ و طالبات کی تعداد میں تیزی سے کمی اور اساتذہ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث تعلیم کے بجٹ کا بڑا حصہ تنخواہوں کی ادائیگی میں خرچ ہوجاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 6 سال میں 5 ہزار اسکول بند ہوگئے جبکہ 75 فیصد اسکول کھیل کے میدان اور 98 فیصد لیبارٹریز سے محروم ہیں۔ 23 ہزار اسکولز میں بجلی میسر نہیں۔ محکمہ تعلیم کی رپورٹ میں تعلیمی تنزلی کی وجہ سیاسی مداخلت اور ناتجربہ کار افسران تعلیم کو قرار دیا گیا ہے۔