خبرنامہ سندھ

سندھ کے شہریوں کی خدمت بلا تفریق سرانجام دوں گا، مراد علی شاہ

کراچی :(اے پی پی) نامزد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سندھ کے شہریوں کی خدمت بلا تفریق سر انجام دوں گا، اپنی لیڈر شپ اور سینئرز کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اچھی گورنس قائم کرنے کی کوشش کروں گا۔ جمعہ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاوس میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں قائم علی شاہ کے بچوں کی طرح ہوں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے لئے اپنی نامزدگی پر پاکستان پیپلز پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری طرح ہر کوئی وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے اگر وہ محنت و لگن سے کام کرے۔ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ جب میں 2002 میں رکن سندھ اسمبلی بنا تو نثار احمد کھوڑو نے میری رہنمائی کی اور میں انہیں اپنا استاد مانتا ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سیدقائم علی شاہ، شہلارضا، میر ہزار خان بجرانی، ڈاکٹر سکندر مھندروں سمیت سندھ اسمبلی میں موجود پارٹی دیگر ارکین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نامزد وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ انفرادی طور پر ہر رکن سندھ اسمبلی سے ان کی سیٹ پر جاکر ملاقات کی۔ اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی نے تالیاں بجاکر ان کا استقبال کیا۔