خبرنامہ سندھ

سندھ ہائیکورٹ: شرجیل میمن کی عبوری ضمانت میں 2 مئی تک توسیع

کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) سندھ ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن کی عبوری ضمانت میں 2 مئی تک توسیع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں شرجیل میمن کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے اور عبوری ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے دونوں درخواستیں الگ کردیں۔شرجیل میمن نے ای سی ایل سے متعلق درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا انسانی بنیادی حقوق اور آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی گئی۔درخواست میں کہا گیا کہ صوبائی وزیر علاج کے لیے ملک سے باہر گئے تاہم ان کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ الزامات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، فوری طور پر ان کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے۔دوسری جانب کیس سے متعلق نیب نے عدالت کے حکم پر اپنا جواب جمع کروا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملزم کے بیرون ملک جانے سے کیس متاثر ہوسکتا ہے لہٰذا ملزم کا نام ای سی ایل سے نہ نکالا جائے۔ہائیکورٹ نے ایف آئی اے سے بھی جواب طلب کیا تھا تاہم ایف ا?ئی نے جواب داخل نہیں کیا جس پر ہائیکورٹ نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب جمع کروانے کا حکم دیا۔عدالت نے ای سی ایل میں نام شامل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت 2 مئی تک ملتوی کردی۔