سندھ ہائیکورٹ کا کراچی میں دودھ 85 روپے کلو فروخت کرنے کا حکم
کراچی:(ملت آن لائن) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں دودھ 85 روپے فی کلو قیمت پر فروخت کرنے کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں کراچی میں دودھ کی قیمت کے حوالے سے ملک ریٹیلر ایسوسی ایشن اور دیگر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ شہر میں دودھ کی قیمت 85 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن دودھ مہنگا بیچا جارہا ہے۔ دودھ ریٹیلر ایسوسی ایشن نے کہا کہ 85 روپے فی کلو قیمت پر دودھ فروخت نہیں کرسکتے، اس قیمت پر نقصان کا سامنا ہے، جب کہ کمشنر کراچی کو دودھ کی قیمت کا تعین کرنے کا اختیار نہیں۔
ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمت میں 20 روپے لیٹر اضافے کا اعلان
عدالت نے قیمت کے تعین سے متعلق قانون پر دلائل طلب کیے تو وکلا نے بتایا کہ قیمت کے تعین سے متعلق صوبائی اور وفاقی قوانین موجود ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے دودھ 85 روپے فی کلو فروخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک قیمت کے تعین سے متعلق قانون پر فیصلہ نہ ہو دودھ 85 روپے فی کلو قیمت پر فروخت کیا جائے۔ مہنگی قیمت پر دودھ بیچنے کے خلاف درخواست دائر کرنے والے شہری نے کہا کہ کراچی میں زائد قیمت پر دودھ فروخت ہو رہا ہے۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو مقررہ قیمت پر عمل درآمد کرانے کا حکم دیتے ہوئے مہنگے داموں دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔