کراچی(اے پی پی )کراچی میں عام شہریوں کی حفاظت کے سلسلے میں تو پولیس کو ناکامی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن کرپشن اور سنگین الزامات کے تحت اسلام آباد میں گرفتار ڈاکٹر نثار مورائی کے گھر کی حفاظت سندھ پولیس خوب کر رہی ہے۔ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے سابق چیئرمین کے اداروں کو مطلوب ہونے کے باوجود بنگلے کی سیکورٹی کیلئے مستقل پولیس اہلکار تعینات ہیں، ڈاکٹر نثار مورائی گذشتہ سال تک کراچی فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے متنازعہ چیئرمین رہے۔ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن تیز کیا تو فشریز میں سرکاری وسائل کی لوٹ مار اور گینگ وار کے سرپرستوں کی بھی گرفت ہوئی، ڈاکٹر نثار مورائی روپوش یا مبینہ طور پر ملک سے فرار ہوگئے، سرکاری ادارے انہیں تلاش کر رہے تھے لیکن کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابان محافظ پر ان کے گھر پر پولیس پہرے دار بنی ہوئی تھی۔ ان کے بنگلے کیلئے 24 گھنٹے پولیس موبائل اور دو شفٹوں میں 10 اہلکار مستقل تعینات ہیں۔ حیرت کی بات یہ کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں ڈاکٹر نثار مورائی کی گرفتاری کے بعد جمعے کی شام بھی پولیس کی نفری اور ایک موبائل ان کے بنگلے پر تعینات تھی۔ ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل احمد نے اس سلسلے میں لاعلمی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ساؤتھ پولیس سے ایسا کوئی اسکواڈ فراہم نہیں کیا گیا، انہیں تو خود نفری کی شدید کمی کا سامنا ہے۔