اسلام آباد:(ملت آن لائن) سپریم کورٹ نے سرکاری اشتہارات میں تصاویر چھپوانے پر وزیراعلیٰ سندھ یا پیپلزپارٹی کو 10 دن میں ساڑھے 14 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سرکاری اشتہارات میں تصویر چھپوانے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ یا پیپلزپارٹی کو 10 دن میں ساڑھے 14 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دیا۔
عدالت نے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 اشتہارات میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی تصویر چھپنے پر پیر تک جواب طلب کرلیا۔
دورانِ سماعت خیبرپختونخوا کے محکمہ اطلاعات کے سیکریٹری نے 10 دن میں تحقیقات کرکے رپورٹ دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے سیکریٹری اطلاعات سے مکالمہ کیا کہ کیوں نا آپ کی تنخواہ سے 30 ہزار روپے کٹوائے جائیں؟ سرکاری افسر بن کر سیاسی لوگوں کاجائز و ناجائز دفاع کرتے ہیں، ایسے افسران سے ہمیں کوئی ہمدردی نہیں۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ کے پی حکومت سے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پرویزخٹک کو بلا لیتے ہیں۔
واضح رہے کہ اشتہارات پر تصاویر چھپوانے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو50 لاکھ روپےجمع کرانےکاحکم دیاجاچکاہے۔