خبرنامہ سندھ

سیاستدان اپنی کرسیاں بچانے کی فکر میں حرمین کے دفاع کو نظر انداز نہ کریں

کراچی (ملت + آئی این پی) جماعۃ الدعوۃ کراچی کے ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ سیاستدان اپنی کرسیاں بچانے کی فکر میں حرمین کے دفاع کو نظر انداز نہ کریںِ مکہ مکرمہ پر میزائل حملے کی کوشش ٹیسٹ کیس تھا، جس کے پس پشت خوفناک سازشیں تیار کی گئیں ہیں۔ کعبۃ اللہ مسلمانوں کے اتحاد کا مرکز ہے، اس کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں جمعے کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ بیت اللہ دنیا بھر کے مسلمانوں کا قبلہ ہے، اس کے خلاف منصوبے تیار کرنے والے ہر دور میں ناکام ہوئے ہیں۔ مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے۔ حرمین شریفین کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ عالم اسلام کے مسلمانوں کو اندرونی مسائل میں الجھنے کی بجائے اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی جانب غوثی باغیوں کا میزائل داغنا انتہائی غیر معمولی واقعہ ہے۔ ان حالات میں سعودی عرب کی مدد کے لیے پاکستان کو ہر سطح پر بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ سیاستدان اپنی کرسیاں بچانے کی فکر میں سرزمین حرم کا دفاع نظر انداز کر رہے ہیں۔ حرمین شریفین کا دفاع کسی ایک ملک پر نہیں پورے عالم اسلام پر فرض ہے۔ ہمیں ہر محاذ پر حرمین کی حفاظت کے لیے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔