سینیٹ الیکشن: ایم کیوایم کے دونوں گروہوں کا پیپلز پارٹی سے رابطہ
کراچی:(ملت آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے دونوں کے گروہوں نے سینیٹ انتخابات کے لیے پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے 5 ارکان اسمبلی نے اندرونی اختلافات کے باعث پیپلز پارٹی کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ دینے پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ سے سینیٹ الیکشن کی تمام نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ سینیٹ انتخابات کے معاملات کی خود نگرانی کررہے ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کے دونوں دھڑے بہادر آباد اور پی آئی بی کالونی کے رہنما پیپلز پارٹی سے رابطے ہیں۔ پیپلزپارٹی کو تمام نشستوں پر کامیابی کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے 15 ووٹ درکار ہوں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے 5 ارکان نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے متحد نہ ہونے پر سندھ کی 12 نشستوں میں سے 10 پر پیپلز پارٹی کی کامیابی یقینی ہے۔