سینیٹ انتخابات: فاروق ستار نے ارکان سندھ اسمبلی کو آج پی آئی بی طلب کرلیا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ایم کیوایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے سینیٹ انتخابات کو حتمی شکل دینے کیلئے اراکین سندھ اسمبلی کو آج پی آئی بی طلب کرلیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیوایم کے ایک گروپ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات کی تیاریوں اور اس حوالے سے حکمت عملی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواجہ سہیل منصور کی سربراہی میں سید علی رضا عابدی اور شیخ صلاح الدین پر مشتمل ایم کیوایم کا تین رکنی وفد مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران سے ملاقات کرے گا جس میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایم کیوایم پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے سینیٹ انتخابات کو حتمی شکل دینے کے لیے پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی کو آج شام پی آئی بی طلب کرلیا جہاں مشاورت کے بعد سینیٹ انتخابات سے متعلق حتمی لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔