خبرنامہ سندھ

سیورج لائن میں دھماکہ‘ کراچی میں دومنزلہ عمارت زمیں بوس

کراچی:(آئی این پی) شہر قائد کے سب سے اہم تجارتی مرکز پر دو منزلہ بلڈنگ زمیں بوس ہوگئی، سانحے میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کراچی کے علاقے صدر کی عبداللہ ہارون روڈ پر واقع دو منزلہ عمارت سیورج لائن میں ہونے والے دھماکے کے سبب ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ عمارت کی حالت کافی مخدوش تھی اور وہ سیورج لائن میں پیدا ہونے والی گیس کے سبب ہونے والے دھماکے کو نہیں برداشت کرپائی۔ حادثے میں ریسکیو ذرائع نے دو زخمی افراد کو ملبے ے ڈھیر سے باہر نکال لیا ہے اور مزید دو سے تین افراد ملبے تلے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے جن کی تلاش جاری ہے۔ سیورج لائن میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ کے ساتھ واقع سڑک کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ نزدیک کھڑی گاڑیاں بھی ملبہ گرنے سے نقصان کی زد میں آئی ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی کاروائیاں تاحال جاری ہیں۔