خبرنامہ سندھ

سیکیورٹی ادارے کی گاڑی پرفائرنگ سے 2 اہلکار شہید

کراچی: (ملت نیوز) کراچی صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب سیکیورٹی ادارے کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں پارکنگ پلازہ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد سیکیورٹی ادارے کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 2 اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اہلکار راستے میں ہی دم توڑ گیا جب کہ دوسرا دوران علاج چل بسا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک عبد الرزاق اور حوالدار خادم حسین کے نام سے ہو ئی ۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ تفتیشی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کے اہلکاروں پر فائرنگ نائن ایم ایم پستول سے کی گئی، جائے وقوعہ پر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں جس کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت میں مدد ملے گی۔ کہ یکم دسمبر 2015 کو بھی کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر سیکیورٹی اداروں کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 اہلکارشہید ہوگئے تھے۔