خبرنامہ سندھ

سی پیک منصوبے میں نجی شعبے کی شراکت کے لیے صنعت کار اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، مسعود نقی

کراچی (ملت + آئی این پی) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر مسعود نقی نے کہا ہے کہ سی پیک مقامی صنعت کی شراکت کے لیے پاکستانی صنعت کار بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ایک گیم چینجر منصوبہ ہے، اس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کار پاکستانی مارکیٹ میں دل چسپی لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقعے کے ساتھ ساتھ ملک میں انڈسٹرلائزیشن کا عمل تیز ہوگا۔ مسعود نقی نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ پاکستانی صنعت کار بھی سی پیک سے متعلقہ منصوبوں میں دل چسپی رہے ہیں اور اس سلسلے میں حکمت عملی کی تشکیل کے لیے حکومت سے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہیں، ہم پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی علاقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور صنعتی شعبے کی سی پیک میں شراکت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں،کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے کسٹم، پورٹ اینڈ شپنگ فراز الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سی پیک منصوبے میں شراکت کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی خوش آئند ہیں، سی پیک کے فروغ کی ہر کوشش کو قومی خدمت سمجھتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ گوادر میں صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کاٹی کی جانب سے جلد ایک وفد گوادر جائے گا، جس میں انڈسٹریل انویسٹر شامل ہوں گے۔