شارع فیصل پر سرعام فائرنگ کرنے والے نوجوان کا پولیس کو چکما،حفاظتی ضمانت کرالی
کراچی:(ملت آن لائن)شارع فیصل پر نشے میں دھت ہو کر فائرنگ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کرنے والے نوجوان عدنان پاشا نے پولیس کو چکما دے کر عدالت سے حفاظتی ضمانت کرالی۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں عدنان پاشا نامی نوجوان نے نشے میں دھت ہوکر شارع فیصل پر سر عام فائرنگ کی تھی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج دیا تھا کہ وہ اسے پکڑ کر دکھائیں۔ شہری عدنان پاشا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے فوری نوٹس لیا اور ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
کراچی: وزیر داخلہ نے شارع فیصل پر شہری کی ہوائی فائرنگ کا نوٹس لے لیا
پولیس نے ملزم کے خلاف شارع فیصل پر ہوائی فائرنگ کرنے کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں درج کیا اور عدنان پاشا کی گرفتاری کے گھر پر چھاپہ بھی مارا لیکن پولیس اسے پکڑنے میں ناکام رہی۔ لیکن اب عدنان پاشا نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکما دے کر ضمانت بھی کروالی ہے۔ عدنان پاشا بھیس بدل کر سٹی کورٹ پہنچا جہاں عدالت سے 50 ہزار روپے کے عوض حفاظتی ضمانت بھی کرالی جب کہ ملزم نے ہوائی فائرنگ کی ویڈیو کو پرانی قرار دیا۔ اس موقع پر عدنان پاشا کا کہنا تھا کہ یہ پرانی ویڈیو ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور میں نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کو چیلنج نہیں کیا۔ یاد رہے کہ وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے نوٹس لینے کے بعد ایک اور ویڈیو میں عدنان پاشا نے کہا تھا کہ اس نے فائرنگ جذبات میں آکر کی تھی۔