شام میں مظالم کیخلاف کراچی، کوئٹہ، پشاور و دیگر شہروں میں احتجاج
کراچی: (ملت آن لائن) شام میں جاری مظالم کے خلاف کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں دینی جماعتوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اوکھائی میمن مسجد کراچی میں بعد نماز جمعہ کے بعد جماعت اسلامی کے تحت شامی اور یمنی مسلمانوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ شام اور یمن میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، کہاں ہے وہ مسلم ممالک کا اتحاد جو مسلمانوں کے دفاع کے لیے بنایا گیا تھا۔ حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ مسلمانوں کو سازش کے تحت مارا جارہا ہے، عوام شام کے مسلمانوں کی امداد کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
شام: مشرقی غوطہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 600 تک پہنچ گئی
ادھر پشاور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام شام میں مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا جہاں مظاہرین نے عالمی برادری سے شام میں مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ جے یو آئی ف نے شام میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف نمک منڈی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کی قیادت مقامی قائدین عبدالجلیل جان اور دیگر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب میں عبدالجلیل جان اور دیگر رہنماؤں نے شام میں مسلمانوں پر مظالم کی پرزور مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ان مظالم پر آواز بلند کرے۔ مقررین نے امت مسلمہ کے قائدین سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شامی مسلمانوں پر مظالم روکنے کے لیے میدان عمل میں نکلیں۔
مولانا فضل الرحمان کا شام کے شہریوں پر مظالم کے خلاف احتجاج کا اعلان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تحت کوئٹہ میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جہاں رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شام میں مظلوم مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، مسلم ممالک کی خاموشی افسوسناک ہے، پاکستان اور سعودی عرب اس مسئلے پر آواز بلند کریں۔ کوئٹہ میں جے یو آئی ف کے امیر سینیٹر حافظ حمد اللہ اور دیگر مقررین نے منان چوک پر شامی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ مظاہرے سے خطاب کیا۔ قبل ازیں جے یو آئی ف کے صوبائی سیکرٹریٹ سے ریلی نکالی گئی جو جناح روڈ، قندھاری بازار، لیاقت بازا ر، پرنس روڈ سے ہوتی ہوئے منان چوک پہنچی جہاں پر مظاہرہ کیا گیا۔ خیال رہے کہ شام کے شہر مشرقی غوطہ میں شامی فورسز اور روسی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 700 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جے یو آئی ف کے زیر اہتمام ڈیرہ غازی خان اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔