شاہ زیب قتل کیس: سیشن عدالت کا روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ
کراچی:(ملت آن لائن) سیشن عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کا تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سماعت کے لئے سیشن جج بھیجنے کا حکم دیا تھا جب کہ عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کردی تھیں۔ کراچی کی ضلع جنوبی کی سیشن عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی ازسرنو پہلی سماعت ہوئی جس کے سلسلے میں پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا۔ شاہ زیب قتل کیس: مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی سزائے موت کا فیصلہ کالعدم دوران سماعت عدالت نے سندھ ہائی کورٹ سے فریقین کے درمیان صلح نامے کی رپورٹ طلب کی اور اسے تصدیق کرنے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے دہشتگردی کی دفعات ختم اور سزا کالعدم قرار دینے کے فیصلےکی تصدیق شدہ نقول بھی طلب کرلی۔ عدالت نے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دیتے ہوئے تینوں ملزمان شاہ رخ جتوئی، سراج تالپور اور سجاد تالپور کی درخواستِ ضمانت پر نوٹس جاری کردیئے۔ سیشن جج نے کیس کے متعلقہ فریقین کو بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کردی جب کہ مقدمےکی سماعت 5 جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔ مقتول شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔