شہباز شریف اور مریم نواز میں وزارت عظمیٰ کی دوڑ ہے، منظور وسان
کراچی:(ملت آن لائن) سندھ کے وزیرصنعت اور پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کے درمیان وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ جاری ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنی پیش گوئیوں کے حوالے سے مشہور صوبائی وزیرمنظور وسان نے ایک بار پھر ملکی سیاست کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے کہ 2018 ماضی کے تمام برسوں سے منفرد اور مختلف ہوگا، سال کے پہلے ماہ سیاست میں اتار چڑھاؤ ہوسکتا ہے، کچھ کیسز ختم ہوں اور کچھ نئے کیسز بنیں گے، رواں برس انتخابات کا انعقاد ہونا ہوگا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان پاکستان کے مفید اور شریف برادران کے لئے نہایت مفید ہے، جو حالات چل رہے ہیں خصوصاً ٹرمپ کے بیان نے ہمیں متحد کردیا ہے۔ اور یہی حالات رہے تو انتخابات وقت پر ہوں گے تاہم اگر 10 فروری تک کچھ نیا ہوگیا تو پھر بروقت انتخابات کا انعقاد بھی مشکل ہوجائے گا۔منظور وسان کا کہنا تھا کہ آئندہ وزیراعظم ملک کی تین بڑی جماعتوں میں سے ہی ہوگا لیکن مسلم لیگ (ن) میں وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ میں نوازشریف کی صاحبزدی مریم نواز اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف دونوں شامل ہیں تاہم پارٹی میں شہبازشریف کے لئے ہی نرم گوشہ ہے۔