کراچی:(اے پی پی)سائبان ایکشن ریسرچ فارشلٹر کے چیئر مین تسنیم احمد صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں سول ملٹری تعلقات میں پیچیدگی کا عنصر نمایاں رہا ہے،پاکستانی سیاستدان عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں مگر اس کے باوجود اس کا بڑا حصہ تاحال محروم ہے۔ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے تحت ’شہری گورننس ،پیچیدگیاں اور حکمت عملی ‘پر منعقدہ لیکچر سے خطاب میں کہا کہ اٹھارویں ترمیم سے اس ضمن میں خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے ہیں،آئینی خلاف ورزیوں کا سد باب اور بلدیاتی اداروں کواختیارات کی منتقلی انتہائی ناگزیر ہوگئی ہے۔تسنیم احمد صدیقی کا مزید کہناتھاکہ پاکستان کی دیہی آبادی تیزی کے ساتھ شہروں کا رخ کررہی ہے اور اس ضمن میں پلاننگ کا فقدان نمایاں ہے جس سے شہری آبادی کو درپیش چیلنجز میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے۔ اس موقع پر لیکچر آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر غزل خواجہ نےاختتامی کلمات میں کہا کہ ہمارا معاشرہ اشرافیہ اور غیر اشرافیہ طبقوں میں تقسیم ہوکر رہ گیا ہے جس میں متوسط طبقہ تیزی کے ساتھ زوال پذیر ہورہاہے اور یہ تبدیلی معاشرے کے سیاسی خدوخال کے لئے نقصان دہ ہے۔اس موقع پررئیس کلیہ نظمیات وانصرام پروفیسر ڈاکٹر خالدعراقی اور چیئر مین شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن بھی موجودتھے۔