خبرنامہ سندھ

صاف پانی کی فراہمی کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے

کراچی (ملت + آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس مقصد کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں،اجلاس میں صوبائی وزراء4 منظور وسان انڈسٹریز، جام خان شور و بلدیات ، چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ ، سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ تمیز کھیوڑو، منیجنگ ڈائریکٹر ز آف واٹر بورڈز اور دیگر افسران شریک تھے،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سندھ کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے واضح ہدایت دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ اس کام کو ایمانداری سے کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری بنتی ہے انہوں نے سیکریٹری آبپاشی اور محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ وہ دریائے سندھ یا کسی بھی کینال یا سمندر میں صنعتی پانی جانے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر پانی ریلیز کرنا ہو تو ا سے پہلے اسکی ٹریٹمنٹ ہونی چاہیے اور پانی ٹریٹمنٹ کے بعد دریا?ں اور نہروں میں چھوڑا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے ایک جامع پلان وضع کیا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے مگر یہ کام ترجیحی بنیادوں پر ہونا چاہیے۔ سید مراد علی شاہ نے واسا(WASA) اور کے ڈبلیو ایس بی (KW&SB)کے منیجنگ ڈائریکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے پانی کی تقسیم کے نظام کو محفوظ اورموثر بنائیں اور باقاعدہ معائنے کے نظام کو اپنایا جائے تاکہ ہدایات پر مناسب طریقے سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے اور پانی میں کلورین ضرورت کے مطابق ملائی جائے ، پانی کے تالا بوں کو صاف ستھرا رکھا جائے اور نکاسی آب کے نظام کی بروقت دیکھ بھال ہونی چاہیے تاکہ صاف پانی کے ساتھ سیوریج کا پانی ملنے سے متعلق شکایات کا خاتمہ ہو سکے، وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی کہ وہ چند نئے انسائنیریشن مشینیں نصب کریں اور پرانی مشینوں کی مرمت یا انہیں بحال کیا جائے، تاکہ اسپتال کے کچرے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تلف کیا جاسکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو کہا کہ وہ پانی کی تقسیم کے نظام کا دورہ کرینگے ، میونسپل ، صنعتی اور اسپتال کی ویسٹ ٹریٹمنٹ کا بھی اچانک دورہ کرکے معائنہ کریں گے۔