خبرنامہ سندھ

صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان معاملات طے پاگئے

صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان معاملات طے پاگئے
کراچی(ملت آن لائن)سندھ حکومت اور انسپکٹر جنرل پولیس اللہ ڈنو خواجہ کے درمیان معاملات طے پاگئے جب کہ صوبائی حکومت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی مؤخر کردیا۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد سندھ حکومت اور آئی جی کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت اور آئی جی سندھ کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کو عہدے پر برقرار رکھنے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ بھی موخر کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ کا آئی جی سندھ کو عہدے پر برقرار رکھنے کا حکم

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے کہنے پر آئی جی اے ڈی خواجہ نے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے ملاقات بھی کی جب کہ اس موقع پر تبادلوں اور تعیناتیوں سمیت تمام معاملات مشاورت سے انجام دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ اور صوبائی وزیر داخلہ کے درمیان تعلقات بہتر کرنے میں سید مراد علی شاہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔