صوبائی حکومت کا میرے خلاف ہونے کا تاثر غلط ہے، آئی جی سندھ
سکھر(ملت آن لائن)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ حکومت کا ایک حصہ ہوتا ہے جب کہ سندھ حکومت کا میرے خلاف ہونے کا تاثر بھی غلط ہے۔
سکھر کے اے سیکشن تھانے میں کمپلینٹ سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سال سے محرم الحرام میں سندھ کے چند اضلاع نشانے پر رہے ہیں،اس حوالے سے محرم الحرام میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کریں گے۔ سندھ میں امن و امان ہماری اولین ترجیح ہے، دہشت گرد کہیں بھی ہوں مذموم کارروائی کر سکتے ہیں، ہم پوری ایمانداری سے 100 فیصد کام کریں گے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں، سپاہی اور ہیڈ کانسٹیبل کی ترقی ضلعی سطح جب کہ انسپکٹرز کی ترقی صوبائی سطح پر ہوتی ہے۔ آئی جی سندھ حکومت کا ایک حصہ ہے، سندھ حکومت سے کوئی اختلافات نہیں جب کہ سندھ حکومت کا میرے خلاف ہونے کا تاثر غلط ہے، ہمیں سندھ حکومت کے ماتحت کام کرنا ہے۔
کراچی کے علاقے فیروز آباد میں شہریوں کے لیے سہولت مرکز کے افتتاح کے موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہرضلع میں اس طرح کے سہولت مراکز قائم کئے جائیں گے جب کہ انہوں نے شہریوں سے پولیس کے رپورٹنگ سینٹر میں رضاکارانہ طور پرکام کرنے کی درخواست بھی کی۔ آئی جی سندھ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تھانہ کلچر فوری تبدیل نہیں کیا جاسکتا جب کہ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ انہیں ڈی جی ایف آئی اے لگایا جارہا ہے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ میرٹ پربھرتیاں کیں جب کہ شہر میں ٹریفک کے بے پناہ مسائل ہیں مگر ڈی آئی جی لگاتے وقت مجھ سے پوچھا تک نہیں گیا لہذا اصل مسئلہ اختیارات کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صوبے کے آئی جی ہیں کوئی کلرک نہیں جو اختیارات نہیں دیئے جا رہے۔