کراچی: (ملت آن لائن) ضلع کورنگی پولیس نے مقابلے اور مختلف کارروائیوں کے دوران 14 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور شہریوں سے لوٹا ہوا سامان برآمد کر لیا۔ کورنگی پولیس میڈیا سیل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی کے حکم پر مختلف تھانہ جات میں سٹریٹ کریمنل اور گٹکا مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ زمان ٹاؤن پولیس نے دوران گشت سیکٹر 51/ سی کورنگی نمبر 6 قبرستان کے پاس پہنچی جہاں 4 موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، دو طرفہ فائرنگ کے مقابلے میں چاروں ملزمان خضر الدین، شوکت، فرحان اور یاسر کو گرفتار کیا گیا جن میں سے تین ملزمان زخمی حالت میں ہیں۔ ملزمان سے 4 پستول، 12 گولیاں اور ایک چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ تھانہ کورنگی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان عمران مروانی، وسیم، عامر اور یاسر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان گلزار نامی شہری سے مین روڈ نزد راجپوتانہ ہسپتال کورنگی ڈھائی پر لوٹ مار کر رہے تھے۔ ملزمان پہلے بھی شریف آباد لیاقت آباد کورنگی، ابراہیم حیدری گارڈن اور فیروز آباد میں گرفتار ہو چکے ہیں۔ تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے دوران گشت نزد ویٹا چورنگی سے جعلی پولیس اہلکار طلحہ رضا کو جس نے محکمہ پولیس کی شرٹ زیب تن کی ہوئی تھی، کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم پولیس اہلکار نہیں ہے بلکہ گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتا ہے، ملزم کے خلاف ضابطہ کی کاروائی جاری ہے۔ لانڈھی پولیس نے دوران گشت ملزم کاشان کو گرفتار کر کے 8 کلو گٹکا ماوا برآمد کر لیا۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔