خبرنامہ سندھ

طلبہ اور نوجوان کا تعلیم، کھیل میں کامیابیاں قابل فخر ہیں: لیاقت بلوچ

کراچی (ملت + آئی این پی )جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ طلبہ ، طالبات اور نوجوانوں کا تعلیم ، کھیل ، فنون لطیفہ اور ہنر مندی کے میدان میں کامیابیاں پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں ۔نوجوان نسل ہی ملک و ملت کا اثاثہ اور مستقبل ہے ،کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے ٹیلنٹ ایکسپو 2016 ء کا افتتاح کرتے ہوئے شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ نوجوان نسل کی ہر دور میں محسن تنظیم رہی ہے ۔ تقریب سے صوبائی وزیر سید ناصر شاہ ، وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی ، حافظ نعیم الرحمن ، محمد یوسف ہاشم ابدالی ، آصف عبدالکریم اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ انسان کو بہترین انسان بنانا انسانی تاریخ کا مشکل ترین کام رہاہے ۔ انسانوں کی اصلاح کے لیے انبیاء کرام ؑ مبعوث ہوئے ، آج بھی تعلیم و تربیت کے لیے ادارے اور مثبت سرگرمیاں ناگزیر ہیں ۔ انسانیت کی تذلیل ، ناانصافی کی بنیاد پر محرومیاں انسان کو حیوان سے بدتر بنادیتی ہیں ۔ کسی بھی قوم کا دشمن عمارتوں ، صنعتوں اور سڑکوں کو تباہ نہیں کرتا انسانوں میں وحدت ، یکجہتی ، باہمی احترام اور برداشت ختم کر کے انسانوں کو تباہ کر دیتاہے ۔ مثبت اور بامقصد تعلیم ہی قومی تعمیر کر سکتی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ 18 سال ووٹرز کی عمر ہے ۔ نوجوان نسل قومی ترقی میں کردار اداکرتی ہے ۔ جمہوریت کی نرسری کی یونیورسٹیز اور کالج میں طلبہ کی جمہوری انتخابی تربیت کے لیے طلبہ یونینز بحال کی جائیں ۔ سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومتیں طلبہ یونینز کے انتخابات کرائیں ۔ اٹھارویں آئینی ترمیم میں بہت اچھی ترامیم کے ساتھ تعلیم کے لیے آئینی ترمیم قومی پالیسی کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے ۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی قائم کر کے اصلاح کی تدابیر کی جائیں ۔ اردو قومی زبان ہے ۔ طبقاتی نظام تعلیم ختم کر کے یکساں نظام تعلیم لایا جائے ۔ تعلیم سب کے لیے اور اسے سب کے لیے سہل بنایا جائے ۔