خبرنامہ سندھ

عافیہ کے حق میں جماعت اسلامی خیبرپختونخواہ کنونشن کی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، فوزیہ صدیقی

کراچی(ملت + آئی این پی)ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی مشترکہ قومی فریضہ ہے،ڈاکٹر عافیہ کے حق میں جماعت اسلامی خیبرپختونخواہ کنونشن کی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہیں، ڈاکٹر عافیہ پاکستان کی عزت اور وقار ہے۔ڈاکٹر عافیہ کوتمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے قوم کی بیٹی تسلیم کیا ہے ۔عمران خان ، بلاول بھٹو زرداری، مولانا سمیع الحق، مولانا فضل الرحمان،چوہدری شجاعت حسین، شیخ رشید،داکٹر طاہرالقادری، ڈاکٹر فاروق ستار،محمود خان اچکزئی،اسفند یار ولی، شاہ زین بگٹی، مصطفی کمال سمیت سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے قائدین قوم کی بیٹی کی وطن واپسی کا قومی فریضہ بھی سرانجام دیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ آپ ایک روح ا ور قالب بن کر آواز اٹھائیں گے تو نہ صرف ہمارے حکمرانوں اور ارباب اختیارمیں اپنی قومی اور آئینی ذمہ داری ادا کرنے کا احساس پیدا ہوگابلکہ امریکی انتظامیہ بھی عافیہ کی واپسی کے دروازے کھول دے گی۔ ڈاکٹرعافیہ کی ناانصافی پر مبنی 86 سالہ سزا کے خلاف اور وطن واپسی کیلئے کراچی پریس کلب پر 86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کے 37 ویں دن بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کا قوم کی بیٹی سے اظہار یکجہتی کیلئے آمد کا سلسلہ جاری ہے اورعافیہ موومنٹ کی رضاکار عذرا امجد، اسماء بلوچ، رواحہ عالم، نور خاتون، کرن سہیل،نجمہ بی بی، روبینہ ابراہیم ، مقدس غلام رسول، فوزیہ ابراہیم ، عروج فاطمہ، امام حسین ہمدم، عدنان بھٹی و دیگرنے ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے تلاوت کلام پاک، ذکرواذکار اور دعاؤں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہواہے۔