خبرنامہ سندھ

عبداللہ حوالگی کیس؛ بچہ ایدھی ہوم کے سپرد

کراچی: عدالت نے مکمل شواہد ملنے تک مقتولہ حلیمہ کے 4 سالہ بیٹے عبداللہ کو ایدھی ہوم کے سپرد کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ عبداللہ کے والد چوہدری اقبال کی جانب سے بچے کی حوالگی کے لئے دائر درخواست کی سماعت فیملی کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر چوہدری اقبال کے وکیل کی جانب سے عبداللہ کا برتھ سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ والدہ حلیمہ کے انتقال کے بعد چوہدری اقبال ہی بچے کے حقیقی وارث ہیں لہذا عبداللہ کو والد کے سپرد کیا جائے۔ دوران سماعت ایدھی فاؤنڈیشن کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عبداللہ کے والد ہونے کے دعویدار چوہدری اقبال کی جانب سے تاحال حلیمہ سے شادی کا نکاح نامہ پیش نہیں کیا گیا جس سے ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوتا کہ چوہدری اقبال ہی عبداللہ کے اصل والد ہیں لہذا کیس کا فیصلہ ہونے تک عبداللہ کو نانی کے حوالے کردیا جائے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فریقین کو آئندہ سماعت پر بچے کی حوالگی کے حوالے سے ٹھوس شواہد پیش کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جون تک ملتوی کردی اور حکم دیا کہ کیس کا فیصلہ ہونے تک بچے کی دیکھ بھال ایدھی فاؤنڈیشن ہی کرے گی۔