خبرنامہ سندھ

عدالتوں سے رہائی پانے والوں کو ڈیل کا نام دینا تحریک انصاف کی منفی سیاست کا نیا رخ ہے

کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے تحریک انصاف کی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پانامہ کیس سے مایوس عمران خان عوام کو دھوکا دینے کئے لئے نیا راگ الاپ رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہم نے ڈیل کی پیشکشیں مسترد کرکے ملک و قوم کے لئے جلاوطنی کے عذاب برداشت کئے۔ عدالتوں سے رہائی پانے والوں کو ڈیل کا نام دینا تحریک انصاف کی منفی سیاست کا نیا رخ ہے۔ پانامہ کیس سے مایوس تحریک انصاف عدالتوں سے ضمانت پر رہائی کے واقعات کو ڈیل کا نام دے کر اعلی عدالتوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کی ڈاکٹر عاصم، ایان، علی، حامد کاظمی اور شرجیل میمن کو عدالتوں نے ضمانتیں دی ہیں۔ پاکستان کی عدالتیں آزاد اور اپنے فیصلے ملکی قانون کی روشنی میں کرتی ہیں پاکستان مسلم لیگ(ن) عدالتی نظام پر کوئی اختیار نہیں رکھتی۔ تحریک انصاف عدالتوں کے فیصلوں پر ڈیل کا الزام تھوپ کر اعلی عدالتوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہماری قیادت ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہم اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ عدالت کے فیصلوں کو نورا کشتی قرار دینے والوں کا ماضی بال ٹمپرنگ اور اسپاٹ فکسنگ کے واقعات سے داغدار ہے اس لئے انہیں ملک عدالتوں، آئین اور قانون پر اعتماد نہیں رہا علی اکبر گجر نے کہا کہ عمران خان عدالتی فیصلوں پر تبصرے کرنے اور ملک کی مقبال قیادت پر بھونڈے الزامات لگانے کی بجائے خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت اور اس صوبے کے مسائل پر توجہ دیں جہاں کے عوام انہیں ووٹ دیکر پچھتا رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کامیابیوں کا راستہ روکنے کے لئے اب عمران خان کا کوئی کچا پکا راگ کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ تحریک انصاف کو یا عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا یا پھر عمران خان سمیت تحریک انصاف کی قیادت پاکستان کے سیاسی منظر سے ہمیشہ کے لئے غائب ہوجانے کو تیار ہوجائیں۔