خبرنامہ سندھ

عدالت نےاسد کھرل کو 14روزہ ریمانڈ پرجیل بھیج دیا

سکھر: (اے پی پی) صوبائی وزیر داخلہ انور سیال کے بھائی کے مبینہ فرنٹ مین اسد کھرل کو سیشن کورٹ سکھر میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے ان کا 14روز کا ریمانڈ حاصل کر لیا ۔ اسد کھرل کو سکھر پولیس نے گذشتہ روز سکھر شکار پور روڈ فراش موڑ سے گرفتار کیا تھا ، ان پر الزام تھا کہ دوران چیکنگ جب پولیس نے انکی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے گاڑی سمیت فرار ہونے کی کوشش کی ، اس دوران ان کی گاڑی پولیس موبائل سے ٹکرا گئی ۔ تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر کے ان کے قبضے پستول برامد کر لیا ۔ اسد کھرل کےخلاف تھانہ آباد کے ایس ایچ او خالد میمن کی مدعیت میں دفعہ 427 پی پی سی ، دفعہ 353 پی پی سی اور دفعہ 13 ڈی کے تحت دو الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔ پولیس نے بکتر بند گاڑی اور پولیس کمانڈوز کے سخت پہرے میں اسد کھرل کو سیشن کورٹ سکھر میں پیش کیا جہاں تھررڈ جوڈیشل مجسٹریٹ آدرش انور نے ان کا 14روز کا ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں جیل کسٹڈی کرنے کے احکامات جاری کئے جس کے بعد اسد کھرل کو بکتر بند گاڑی میں جیل روانہ کر دیا گیا ۔