عدالت کا دودھ کی قیمت 85روپے فی لیٹر برقرار رکھنے کا حکم
کراچی :(ملت آن لائن) کراچی کے ڈیری فارمرز کی دودھ مہنگا کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، سندھ ہائی کورٹ نے دودھ کی قیمت 85روپے فی لیٹر برقرار رکھنے کا حکم دیدیا جبکہ کمشنر کراچی کو اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر قیمتوں کا ازسر نو جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ پر سماعت ہوئی، عدالت نے دودھ کی قیمت کے تعین کا فارمولا اور مکینزم طلب کرلیا۔ عدالت نے دودھ کی قیمت 85روپے فی لیٹر برقرار رکھنے کا حکم دیدیا جبکہ کمشنر کراچی کو اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر قیمتوں کا ازسر نو جائزہ لینے کا بھی حکم دیا۔ سماعت کے دوران کمشنر کراچی نے قیمت کے تعین سے متعلق اجلاس کے منٹس پیش کردیئے، جسٹس عقیل عباسی نے کہا ہ یہاں تو تمام اسٹیک ہولڈرز کے دستخط موجود ہیں، ہم یہ بھی دیکھیں گے کہ صارف کو پانی مل رہا ہے یا دودھ ؟ جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس میں کہا کہ کسی کو غیر معیاری اور کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے نہیں دیں گے۔ ڈیری فارمرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پچاسی روپے فی لیٹر فروخت کرنے میں دودھ فروشوں کو بھاری مالی نقصان ہورہا ہے ۔
دودھ کی قیمتوں میں اضافے کی کوشش ناکام، مذاکراتی دور بے نتیجہ رہے
کمشنر کراچی نے عدالت کو بتایا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ دس دس گھنٹے مشاورت کے بعد قیمت مقرر کرتے ہیں، عدالت نے سماعت بیس مارچ تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ کراچی میں دودھ مافیا کی جانب سے دودھ کا بحران پیدا کرنے کی کوششیں کا میاب نہ ہوسکیں، دودھ کی قیمیتوں میں اضافے کے حوالے سے ہونے والے متعدد مذاکراتی دور بے نتیجہ رہے۔ انتظامیہ دودھ کی قیمت میں 5 سے 10 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کے لیے تیار ہے تاہم ڈیری فارمرز دودھ کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر کا ہوشربا اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے قبل ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمتوں میں ازخود اضافے کا اعلان کیا تھا اور دودھ کی فی لیٹر قیمت 90 روپے مقرر کردی تھی ، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس پر چھاپہ مارکر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔