اسلام آباد (آئی این پی) تحقیقاتی اداروں نے لیاری گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ سے تفتیش کے دوران ملزم کے سیاسی سرپرستوں کا پتہ لگا لیا، عزیر بلوچ کو فریال تالپور ، قادر پٹیل، ثانیہ بلوچ کی حمایت حاصل تھی جبکہ ذوالفقار مرزا، نبیل گبول اور جاوید ناگوری کے ساتھ بھی گہرے مراسم رہے، تحقیقاتی اداروں کی طرف سے جلد سیاسی سرپرستوں کے نام حکومت کو دیئے جانے کا امکان ہے اور ان رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔ پیر کو ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے گرفتار سرغنہ عزیر بلوچ نے دوران تفتیش اہم سیاسی رہنماؤں سے تعلقات کی تصدیق کر دی، تحقیقاتی اداروں کی تفتیش کے دوران لیاری گینگ وار کے اہم ملزم عزیر بلوچ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے بہت سے سیاستدانوں سے تعلقات تھے جن میں سند ھ سے تعلق رکھنے والے سیاست دان کی کثیر تعداد ہے۔عزیر بلوچ نے تحقیقاتی اداروں کو بتایا کہ ان کے سابق وزیر داخلہ سند ھ ڈاکٹر زوالفقار مرزا سے تعلقات تھے جبکہ نبیل گبول، جاوید ناگوری سے بھی انکے اچھے تعلقات تھے۔ عزیر بلوچ نے اعتراف کیا کہ انہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپورسمیت قادر پٹیل اور ثانیہ بلوچ کی حمائت بھی حاصل تھی۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے تفتیش کے بعد عزیر بلوچ کے سیاسی سرپرستوں کے نام حکومت کو دینے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے، عزیر بلوچ کے اعتراف کے بعد ان سیاسی سرپرستوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کی جائے گی تاہم وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد نام ای سی ایل میں شامل کئے جائیں گے۔(اح)