خبرنامہ سندھ

عزیز آباداسلحہ معاملہ: عدالت نے اسلحے کی فرانزک رپورٹ طلب کرلی

ک راچی:(ملت+اے پی پی) میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عزیز آباد سے ملنے والے اسلحے کی فرانزک رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلی۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش بھی جاری ہے۔ کراچی کی تاریخ میں اسلحے کا سب سے بڑے ذخیرہ برآمدگی کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی۔ دوران سماعت تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا کہ کیس میں کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا،ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق اسلام آباد سے تاحال اسلحے کی فرانزک رپورٹ بھی موصول نہیں ہوئی ہے۔ عدالت نے عزیز آباد سے ملنے والے اسلحے کی فرانزک رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔ اس سے قبل کیس کے تفتیشی افسر نے مقدمہ داخل دفتر کرنے کی رپورٹ جمع کرائی تھی جس کے مطابق پولیس ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہوچکی ہے۔پانچ اکتوبر کو پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پرعزیزآباد میں گھر کے ٹینک سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہواتھا۔ پولیس کے مطابق ‏خفیہ ٹینک پانی کے لیے نہیں بلکہ اسلحہ ذخیرہ کرنے کیلئے بنایا گیا تھا۔انسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج نے مقدمہ داخل دفتر کرنے کے حوالے سے رپورٹ سماعت کے لئے انسداد دہشتگردی عدالت کو بھجوائی تھی۔