عسکری قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں، ڈاکٹر عاصم حسین
کراچی(ملت آن لائن)پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین نے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دوغلے لوگ ہیں ان کے قول و فعل میں فرق ہے۔
لندن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والے ملک کو 200 سال پیچھے لے کر جانا چاہتے ہیں،
ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی پاکستان بچایا ہے اب بھی پاکستان بچائیں گے، یہ ملک تمہارا نہیں 20 کروڑ عوام کا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین لندن روانہ
سابق وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست پاکستان کی بقا کے لیے ہے، ہم پاکستان سے بھاگنے والوں میں سے نہیں۔
پیپلز پارٹی کراچی نے کہا کہ جو کہتے تھے میں نہیں آؤں وہ دیکھ لے میں آ گیا ہوں، جنہوں نے میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنوائے وہ خود مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر عاصم کا مزید کہنا تھا کہ وہ عسکری قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ڈاکٹر عاصم حسین کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد وہ علاج کے سلسلے میں لندن روانہ ہوئے تھے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ ڈاکٹر عاصم ایک مہینے بعد علاج کرا کے واپس آجائیں۔ عدالت نے ان کی ضمانت 60 لاکھ روپے میں منظور کی تھی۔
سندھ ہائیکورٹ نے 29 مارچ کو ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد انہیں 31 مارچ کو رہا کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم کو رینجرز نے دہشت گردوں کے علاج و معالجے کی سہولت کے الزام میں گرفتار کیا تھا جب کہ ان پر 479 ارب روپے کی کرپشن کا بھی الزام ہے جس میں ان کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کیا۔