خبرنامہ سندھ

عشرت العباد سندھ کی تاریخ کے لائق گورنرمانے جاتے ہیں ، علما کرام

کراچی(ملت + آئی این پی) مملکت پاکستان کے معروف وجید علما کرام نے کہاہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد سندھ کی تاریخ کے سب سے لائق گورنرمانے جاتے ہیں، سندھ کی عوام کیلئے ان کی گراں قدر خدمات ہیں وہ اس وقت گورنر بنے جب ملک کے سب سے بڑے معاشی حب کومسلکی ،لسانی اور سیاسی تفرقات کی طرف دھکیلا جارہاتھا،اسوقت گورنر سندھ نے ہی علمائے کرام ، سیاسی قائدین، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کو متحرک کر کے صورتحال کو قابو کیا اور ایک جامع اورموثرحکمت عملی مرتب کر کے دہشت گردوں کے تمام منصوبے خاک میں ملائے۔ ان خیالات کا اظہاروفاق المدارس العربیہ کے مولانامحمدحنیف جالندھری ،جامعہ بنوریہ کے مفتی محمدنعیم۔جامعہ فاروقیہ کے مولاناخالد،جامعہ دارالعلوم کے مولاناعزیزالرحمن،جامعالرشیدکے مولاناعبادالرحمن،جامعہ احسن العلوم کے مولانامحمدابراہیم،جامعہ حمادیہ کے مولانامحمدقاسم،جامع العلوم الاسلامیہ کے قاری محمداقبال، پاکستان امن کونسل کے مولانا طارق مدنی ، مولانا سیف اللہ ربانی ، اہلسنت والجماعت کے مولانا عبدالحمید تونسوی ، جمعیت علما اسلام (س) مولانا حماد اللہ مدنی، مولانا جہاں یعقوب ، مولانا مفتی عبدالرحمن سمیت دیگر علما کرام نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا،۔ علما کرام نے کہاکہ ڈاکٹر عشرت االعباد کا گورنر کے عہدے پر 14سال فرائض انجام دینا عوامی اورسیاسی اعتماد کا مظہر ہے ،،سندھ کی تاریخ کے وہ واحد گورنر ہیں جو ہمیشہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلنے میں کامیاب ہوئے ہیں ہر مکتبہ فکر ، ہرمسلک اور ہرزبان کے ا فراد ان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،آج تک ان پر کسی قسم کی رشوت خوری یا کرپشن اورتعصب کے کا الزامات سننے یادیکھنے میں نہیں آئے ، انہوں نے کہاکہ 14سالہ کوششوں سے ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صوبے کو سنگین بحرانوں سے خوش اسلوبی سے نکالا، ہر شعبہ زندگی کے لوگوں سے رابطہ اور ان کے مسائل حل کروانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں تمام عوامی حلقے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور علما کرام اور مذہبی طبقہ سمجھتا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی اوراسکے قائدکوعومی جذبات اورگورنرکے کردارسے نہیں کھیلنا چاہئیے۔