عمران زرداری کا نام لینے سے پہلے وضو کرکے آئیں، پیپلز پارٹی
اسلام آباد(ملت آن لائن)پیپلزپارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ عمران خان آصف زرداری صاحب کا نام لینے سے پہلے وضو کرکے آئیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر پیپلز پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ رمیش لعل نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے اخلاق سے گری ہوئی باتیں کیں، بلاول بھٹو، ذوالفقارعلی بھٹو کے نواسے اور بے نظیر بھٹو کے بیٹے ہیں انہوں نے سیاست گھرسے سیکھی ہے، عمران نیازی بتائیں کہ انہوں نے کہاں سے سیاست سیکھی ہے۔ وہ ایک ہفتے کے نوٹس پر سیاسی جلسہ کیسے کرتے ہیں، این اے 120 کے معاملے میں عمران نیازی نے سپریم کورٹ کا نام لیا جس پر عدالت نوٹس لے۔
خاتون رکن اسمبلی ثریا جتوئی نے کہا کہ عمران خان آصف زرداری صاحب کا نام لینے سے پہلے وضو کرکے آئیں، آصف زرداری سینما کی ٹکٹیں نہیں بیچتے تھے ان کا اپنا سینما ہے، عمران خان کا نام ناکام نیازی ہونا چاہیے، قیادت نے روکاہے ورنہ عمران کا ایسا حال کرتے جو ارباب رحیم کا ہو۔
عبدالستاربچانی نے کہا کہ عمران خان کی پارٹی میں سندھ کے کرپٹ لوگ شامل ہو رہے ہیں، لیاقت جتوئی نے وزارت اعلٰی کے دورمیں سندھ کے لوگوں کوکچھ نہیں دیا، شاہ محمود قریشی خاندانی آدمی ہیں،انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ وہ عمران خان کو چھوڑ دیں۔
رفیق جمالی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روزعمران خان نے جلسے میں گالیوں کے علاوہ کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی جس قسم کی سیاست کررہی ہے اس کا نتیجہ خراب نکلے گا، سندھ پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے اور مستقبل میں بھی کوئی پارٹی وہاں نہیں جیت سکتی۔