خبرنامہ سندھ

عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 19 جنوری تک ملتوی

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی )انسداد دہشتگردی عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کی عدم حاضری کے باعث عمران فاروق قتل کیس کی سماعت انیس جنوری تک ملتوی کر دی۔ ملزمان کے وکیل بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی ثبوت نہیں، صرف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ جس پر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کے وکیل بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ یہ تیسری پیشی ہے کہ ہم تیار ہو کر آتے ہیں مگر پراسیکوٹر عدالت پیش نہیں ہو رہے۔ حکومت کو پتا ہے کہ اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور ملزمان رہا ہو جائیں گے۔ صرف ملزمان کو حراست میں رکھنے کے لیے یہ تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ افتخار احمد اور محمد انور نامزد ملزم ٹھرائے جا رہے ہیں جبکہ افتخار حسین کو برطانوی پولیس نے گرفتار کیا اور بعد میں عدم ثبوت کی بنا پرچھوڑ دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت انیس جنوری تک ملتوی کر دی۔