خبرنامہ سندھ

عوام کا تعاون بہت ضروری ہے: آئی جی سندھ

کراچی: (آئی این پی) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کراچی چیمبر میں موجود صنعتکاروں سے کہنا تھا کہ بھتہ خوری کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جس کے لئے زیادہ تر فون کالز افغانستان اور ایران سے موصول ہو رہی ہیں۔ مسئلے سے جلد نمٹنے کے لئے آرمی چیف سے بات کی ہے۔ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ 2013 سے اب تک 80 ہزار ملزمان پکڑے جا چکے ہیں اگر عوام ساتھ دیں اور گواہی دیں تو مجرموں کو سزا ہو جائے گی ۔ بدقسمتی سے ماضی میں کیے گئے آپریشن کے بعد پولیس افسران کو چن چن کر شہید کیا گیا۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ سی پی ایل سی کے مطابق شہر میں موبائل چھینے کی وارداتوں میں 24 فیصد کمی آئی ہے ۔ اگلے تین ماہ میں کراچی میں بہترین کیمرے نصب کر دیے جائیں جبکہ 6 ماہ میں کراچی بھر کے تھانوں میں استقبالیہ کاونٹر بھی قائم کیا جائے گا جہاں عوام نمائندگان بھی بیٹھا کریں گے۔ دوسری جانب حالات میں مزید بہتری کے لئے پولیس میں نئی بھرتیوں کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سفارش بھی کی ہے۔