خبرنامہ سندھ

عوام کو بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچائیں گے۔ جان محمد بلوچ

کراچی ۔15 اکتوبر (ملت + اے پی پی) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ اور وائس چیئرمین عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ بلدیہ ملیر کی عوام کو بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانا منتخب نمائندے اپنا فرض سمجھتے ہیں، یونین کمیٹی کچرے کو زیرو پوزیشن پر لائیں گے، ممبران صفائی مہم کی کامیابی کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے تمام یو سی وائس چیئرمین و اراکین کونسل سے 17 اکتوبر سے شروع ہونے والی صفائی مہم کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر عمران اسلم، سپرنٹنڈنٹ انجینئر نصراللہ میمن اور تمام محکمہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے۔ میونسپل کمشنر نے کہا کہ عوام کو صاف ستھر ا ماحول فراہم کرنا ہماری ترجیحات کا حصہ ہے۔ بالخصوص مساجد، امام بارگاہوں، تعلیمی اداروں اور پبلک مقامات پر شہریوں کو بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولیات اور صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں، کسی علاقے سے صفائی ستھرائی کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کو فوری حل کیا جائے اور روزانہ کچرا اٹھانے والی گاڑی کے ڈرائیور اور گاڑی پر تعینات ورکرز اپنی ذمہ داری کو یقینی بنائے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی مہم کے دوران کتا مار مہم کا بھی آغاز کیا جائے۔