خبرنامہ سندھ

عوام کے حقوق کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں، ستار

حیدرآباد:(ملت+اے پی پی) ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پورا صوبہ مسائل سے بھرا ہوا ہے اور سندھ کے جاگیرداروں اور وڈیروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی اس لئے عوام کے حقوق کے حصول کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔ حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ صوبے کے ہر شہرمیں جگہ جگہ گٹر ابل رہے ہیں، ٹرانسپورٹ کے مسائل بڑھ رہے ہیں، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا اختیار بھی صوبائی حکومت کے پاس چلاگیا اورجگہ جگہ بڑی بڑی عمارتیں بن رہی ہیں جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں جب کہ سندھ کے وڈیروں اورجاگیرداروں کے کانوں پرجوں نہیں رینگ رہی، اب ہم سندھ کے شہروں اور شہری عوام کا ایک مقدمہ تیار کرکے دو تین محاذوں پر فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کررہے ہیں۔