خبرنامہ سندھ

عیدپرجانوروں کی قربانی ہو چکی لیکن سیاسی قربانی ابھی باقی ہے، وسان

کراچی:(اے پی پی) سندھ کے وزیر صنعت و تجارت منظور وسان کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی ہو چکی لیکن سیاسی قربانی ہونا ابھی باقی ہے- منظور وسان کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا مستقبل اچھا ہے، گورنر کسی پارٹی کے نہیں سب کے ہیں جب کہ مستقبل میں گورنر سندھ کا کردار بھی اہم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کا مستقبل خطرے میں ہے جب کہ فاروق ستار غیراعلانیہ طور پر ایم کیو ایم کے قائد ہیں، فاروق ستار پتنگ کے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے جب کہ ایم کیوایم کی قیادت کے لئے 2 دیگر امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ منظور وسان نے کہا کہ 15 اکتوبرتک ملکی سیاست کے معاملات بہت اہم ہیں، اگر 15 اکتوبرتک کچھ نہ ہوا تو پھر مستقبل میں بھی کچھ نہیں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں تبدیلی کا چانس ففٹی ففٹی ہے، عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی قربانی ہوچکی ہے لیکن ابھی سیاسی قربانی ہونا باقی ہے۔ رائیونڈ مارچ کے حوالے سے منظور وسان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ رائیونڈ کے راستے سے واپس آجائیں گے اور کچھ پہنچ جائیں گے۔