لاہور:(اے پی پی)بلاول بھٹو کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی انسان کو قتل کرنا غیرت نہیں ۔ غیرت کے نام پر قتل کو ناقابل معافی خطرناک جرم قرار دینا ہو گا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ غیرت کے نام پر سینکڑوں خواتین کو قتل کیا جاتا ہے مگر قانون نہ ہونے کے باعث مجرم سر عام گھومتے رہتے ہیں ۔ بلاول بھٹو نے نواز حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ سال سینٹ میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بل پیش کیا اور اسے منظور بھی کروایا مگر وفاقی حکومت نے اس بل کو قومی اسمبلی کی الماریوں میں بند کر رکھا ہے ۔ بل کو ایک سال سے التواء میں رکھ کر وفاقی حکومت غیرت کے نام پر قتل کو اکسانے میں برابر کی شریک ہے ۔ اسے فوری طور پر قومی اسمبلی سے منظور کروانا ہو گا۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں قومی اسمبلی میں بھرپور آواز اٹھائی جائے اورغیر ت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی کے لئے دوسری جماعتوں سے بھی رابطے کر کے بل کے لئے لابنگ کی جائے۔