خبرنامہ سندھ

فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق

کراچی: (ملت+اے پی پی) شہر قائد میں اندھیرا چھاتے ہی بندوقوں کے منہ کھل گئے۔ ایک گھنٹے میں فائرنگ کے تین واقعات سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کا پہلا واقعہ گلستان جوہر میں لال فلیٹ کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم افراد نے گولیاں برسا کر پولیس سب انسپکٹر سمیت تین افراد کو زخمی کر دیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سب انسپکٹر اقبال احمد دم توڑگئے۔ سب انسپکٹر اقبال احمد فیروز آباد تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھے۔ واقعہ میں زخمی وسیم اور حفیظ اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ جمشید روڈ پر بھی گولی چلی اور ایک شخص کی جان چلی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ملک عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ کورنگی میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔