فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، آفاق احمد ایک ہوجائیں، سلیم شہزاد
اسلام آباد(ملت آن لائن)ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد نے کہا ہے کہ فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور آفاق احمد ایک ہوجائیں ورنہ مہاجروں کا مینڈیٹ تقسیم ہو جائے گا۔
کراچی پریس کلب میں مہاجر اتحاد تحریک کے چیئر مین سلیم حیدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےان کہنا تھا کہ وہ بھی علیحدہ جماعت بنا سکتے ہیں لیکن وہ مہاجروں کے مینڈیٹ کوتقسیم کرنا نہیں چاہتے۔
سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی وکٹیں گرانے کا سلسلہ ختم کریں، کہیں ایسا نہ ہو کہ ان کی وکٹیں گر جائیں۔
سلیم شہزاد نے کہا کہ تینوں جماعتوں کو ایک کرنے میں اگر ان کی خدمات چا ہیے تو وہ حاضر ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ چائنا کٹنگ کے خالق، اس سے فائدہ ہ اٹھانے والوں، سانحہ بلدیہ، سانحہ 12مئی اور 27دسمبر کے ذمہ داروں کے خلاف غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
سلیم شہزاد نےمزید کہا کہ جواختیارات کا رونا رو رہے ہیں ان کوکچرا اٹھا کر دکھا سکتا ہوں۔
مہاجر اتحاد تحریک کے چیئر مین سلیم حیدر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ چلہم امام حسین کے بعد کراچی میں مہاجر الائنس کے اتحاد کیلئے گرینڈ مہاجر کنونشن بلوایا جائے گا۔