فاروق ستار ،مصطفیٰ کمال اور عامرخان ملکر کام کریں، میاں عتیق
اسلام آباد: (ملت آن لائن) سینیٹر میاں عتیق نے کہا ہے کہ کراچی میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے فاروق ستار ،مصطفیٰ کمال اور عامرخان ملکر کام کریں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ایس پی دونوں الگ الگ جماعتیں ہیں سب کو مل کر اتحاد بنانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے عوام کی فلاح و بہبود و خدمت کے لئے فاروق ستار ‘ مصطفی کمال اور عامر خان ملکر اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ سب کا مقصد ایک ہی ہے کہ عوام کی خدمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مجھے پارٹی سے نکال دیا ہے تاہم پارٹی اور مشاورت کے حوالے سے مجھے بلایا تو میں ضرو جاؤں گا۔ سینیٹر میاں عتیق نے کہا کہ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں حالات سب کے لئے یکساں ہوں گے۔