میرپور:(آئی این پی) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ فاروق ستار معصوم اور مظلوم انسان ہیں اس لیے ان کو 7 خون معاف ہیں۔ میر پور خاص میں پاک سر زمین پارٹی کے دفتر کے افتتاح کے لیے روانگی سے قبل کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وہ فاروق ستار کی جانب سے کی جانے والی کسی بات کا کوئی جواب نہیں دیں گے،ان کے ساتھ جو کچھ ہونا تھا ، وہ الطاف حسین نے کردیا ہے اور جو کچھ ان کے ساتھ صبح شام ہوتا ہے اس کی وجہ سے ہی وہ فاروق ستار کو مظلوم اور معصوم کہتے ہیں ، وہ آج بھی ہمارے بھائی ہیں، ان کو 7 خون بھی معاف ہیں، وہ ان کے بارے میں کوئی بھی بات کرکے ان پر بوجھ نہیں بڑھانا چاہتے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم ایک مربوط منصوبے کے ساتھ عوام کو یکجا کرنے کے لئے پاکستان آئے ہیں ۔ پاکستان میں آنے کا مقصد سیاست کرنا ہے کرکٹ کھیلنے نہیں آئے جو روز وکٹیں گرانے کی بات کی جائے، ہمیں اب مستقبل کا سوچنا ہے ۔ ہمارے ساتھ چلنے والے افراد دشمن کو گلے لگائیں۔ لوگ ہماری بات کو سمجھ رہے ہیں اور ہمیں دنیا بھر سے ٹیلیفون کالز آرہی ہیں،عنقریب پاکستان کی ہر گلی میں ہمارے دفاتر ہوں گے۔